عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم نامزد

عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے وزیراعظم نامزدمقدس دفاع نیوز ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی حکمراں جماعت تحریک انصاف نے عبدالقیوم نیازی کوآزاد کشمیر کا وزیراعظم نامزد کردیا۔ پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ طویل مشاورت اور تجاویز کے جائزے کے بعد وزیر اعظم پاکستان و چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب ایم ایل اے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کے عہدے کیلئے نامزد کیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے 5 امیدواروں کے انٹرویوز لیے تھے جن میں سردار تنویر الیاس، بیرسٹر سلطان محمود، خواجہ فاروق، اظہر صادق اور عبدالقیوم نیازی شامل تھے۔ پہلے پہل عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر کے عہدے کی دوڑ میں شامل نہیں تھے لیکن پھر ان کا نام اچانک سامنے آیا تھا۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے امیدوار انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے تھے۔